کوئٹہ (ویب نیوز) قبائلی، سیاسی و سماجی رہنما ملک ناصر خان کاکڑ کی کوششوں اور جرگے کی ثالثی سے ہنہ اوڑک میں دو فریقین کے درمیان برسوں سے جاری قبائلی تنازع خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔ تصفیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک ناصر خان کاکڑ نے کہا کہ دو خاندانوں کے درمیان صلح کرانا دین اسلام میں عظیم عمل ہے اور لڑائیاں کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتیں بلکہ نسلوں کو متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر بھائی چارے اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزاریں۔ تقریب میں قبائلی عمائدین، علما، مشائخ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جبکہ دونوں فریقین نے جرگے اور ملک ناصر خان کاکڑ کی غیرجانبدارانہ کوششوں کو سراہا۔
