تازہ ترین ۸ ستمبر ۲۰۲۶

ہنہ اورک کے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی، 500 سے زائد محفوظ گھر تعمیر کر دیے گئے

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت فلڈ ریکوری پروگرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور کے نمائندوں کا اجلاس ہوا، جس میں ہنہ اورک کے سیلاب زدہ علاقوں میں جاری بحالی کے کاموں، رہائشی مکانات، سماجی بنیادی ڈھانچے اور روزگار کی بحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پروگرام مینیجر ہاشاشی ازومی، پروگرام اسپیشلسٹ آمنہ اختر، کوئٹہ صدر کے اسسٹنٹ کمشنر یوسف ہاشمی اور فیلڈ عملدرآمد افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 500 سے زائد سیلاب سے محفوظ گھر مکمل کرکے مستحق خاندانوں کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی گھروں کی تکمیل اکتوبر 2026 تک متوقع ہے۔ مزید 200 مستحق خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے امدادی پروگرام میں شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات، سڑکوں، پلوں اور عوامی سہولیات کی بحالی کے علاوہ زراعت سے وابستہ خاندانوں کے لیے روزگار کی بحالی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے منصوبے کے شفاف طریقہ کار کو سراہتے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔