پاکستان ۵ ستمبر ۲۰۲۶

ہم سب کو ماننا ہوگا کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے،محسن نقوی

لاہور(ویب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم سب کو ماننا ہوگا کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، نظام ری سیٹ کرنے کا مقصد کسی حکومت یا سیاسی جماعت کو ختم کرنا نہیں بلکہ نظام میں موجود خامیوں کو دور کرکے اسے بہتر بنانا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بن کر رہیں گے، تاہم ان کا فیصلہ کسی ایک شخص یا سیاسی جماعت کی مرضی سے نہیں بلکہ عوام کی خواہش اور آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی اور ضروریات میں اضافے کے ساتھ انتظامی ڈھانچے میں بھی تبدیلی ضروری ہے، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جانے چاہئیں اور نظام میں اصلاحات سیاسی اتفاق رائے سے ہونی چاہئیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ 79 سال میں تعلیم، صحت، صاف پانی، انصاف اور روزگار سمیت مختلف شعبوں میں عوام کو مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے، اس لیے نظام میں بہتری اور بہتر عوامی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔