کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کی قیادت نے ہزار گنجی منڈی جانے والے راستوں پر بڑھتی ہوئی بدامنی اور لوٹ مار کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبزی فروش، تاجر اور عام شہری روزانہ جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں۔ مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ گن پوائنٹ پر ڈکیتیوں، موٹر سائیکل چھیننے اور گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے تاجروں اور شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ خود صورتحال کا جائزہ لے کر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔
