مقامی ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

ہزارہ برادری سمیت تمام عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، زرک خان مندوخیل

کوئٹہ (ویب نیوز) رکن بلوچستان اسمبلی و مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب کے عوام سمیت ہزارہ برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، عوام بلاجھجک اپنے مسائل کے حل کے لیے ہم سے رابطہ کریں، ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلاامتیاز رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اسے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ حلقے میں بسنے والے تمام طبقات اور برادریوں کے مسائل ہمارے مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری سمیت تمام عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان مضبوط رابطہ مسائل کے بروقت حل کی بنیاد ہے، اس لیے عوام کے لیے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور عوامی خدمت میں کسی قسم کی تفریق روا نہیں رکھی جائے گی۔