پاکستان ۲۸ جون ۲۰۲۶

ہر جماعت کی خواہش ہوتی ہے تنہا حکومت بنائے، مجبوراً اتحاد کرنا پڑتا ہے، رانا ثناء

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ تنہا حکومت بنائے، تاہم سیاسی حالات کے باعث اکثر جماعتوں کو اتحاد کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی خواجہ آصف کے بیان پر تنقید ان کا سیاسی مؤقف ہے، جبکہ خواجہ آصف کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں بعض تکنیکی مسائل کے باعث بلدیاتی انتخابات منعقد نہیں ہو سکے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اتحادی جماعتیں نظام کے استحکام کو مقدم رکھتی ہیں اور اختلافات کے باوجود معاملات کو اس نہج پر نہیں لے جائیں گی کہ نظام کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم حکومت نے اسے قبول نہیں کیا، جبکہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات بھی تسلیم کیے جا چکے ہیں۔