مقامی ۴ اگست ۲۰۲۶

ہرنائی میں یوفون ٹاور کو نقصان، انٹرنیٹ سروس 10 روز سے معطل

کوئٹہ (ویب نیوز)ضلع ہرنائی کے پہاڑی علاقے پان غر میں نامعلوم افراد کی جانب سے یوفون کے موبائل ٹاور کو نقصان پہنچائے جانے کے باعث ضلع ہیڈکوارٹر سمیت متعدد دیہی علاقوں میں گزشتہ 10 روز سے یوفون کی انٹرنیٹ ڈیٹا سروس مکمل طور پر بند ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہرنائی، شاہرگ، خوست، اسپین تنگی، ناکس، زردالو اور گردونواح کے علاقوں میں انٹرنیٹ کی بندش سے عوام، طلبہ، تاجر اور دیگر صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ محکمہ صحت سمیت مختلف سرکاری اداروں کا آن لائن حاضری اور سروسز کا نظام بھی متاثر ہوا ہے، جس کے باعث ملازمین روزانہ کی رپورٹس اور ڈیٹا اپ لوڈ نہیں کر پا رہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یوفون نے تاحال سروس بحال کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا، حالانکہ نئے انٹرنیٹ پیکجز کی فروخت جاری ہے، اور انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پان غر ٹاور کی فوری مرمت کر کے ضلع بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے۔