ہرنائی (ویب نیوز) ہرنائی کے علاقے اسپین تنگی یونین کونسل بابیان ٹو کے علاقے طورغوڑہ ڈڈرہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والی طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں شدید سیلابی ریلے آگئے، جن میں بہہ کر مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو معصوم بچے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور ایک بچی شامل ہیں، جن کی لاشیں اسپین تنگی بابیان کلی سہنی کے علاقے میں ندی کے کنارے سے برآمد ہوئیں اور بعد ازاں مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔ شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث یونین کونسل بابیان ٹو میں گھروں، زرعی زمینوں، کھڑی فصلوں اور حفاظتی بندات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ اور ڈسٹرکٹ فوکل پرسن حاجی باز محمد خان دمڑ نے بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقے کا فوری دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لینے، متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے اور جانی و مالی نقصانات کی سروے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء یونین کونسل بابیان ٹو کے چیئرمین شاداد خان نے کہا کہ تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، کئی گھر متاثر ہوئے جبکہ زرعی زمینوں اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، انہوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
