مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

ہرنائی میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہوں سے غیر قانونی کٹوتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، بلوچستان لیبر فیڈریشن

کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)بلوچستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر خان زمان، چیئرمین حاجی بشیر احمد رند، سیکرٹری جنرل قاسم خان، سینئر نائب صدر حاجی عبدالعزیز شاہوانی، عابد بٹ، محمد عمر جتک، ظفر خان رند، دین محمد محمد حسنی، عارف خان نچاری، فضل محمد یوسفزئی، ملک وحید کاسی، ملک محمد حسین بنگلزئی، منظور احمد، حبیب اللہ لانگو، محمد حیات لہڑی، سید اسماعیل شاہ اور نجیب اللہ مری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں میونسپل کمیٹی ہرنائی کے غریب مزدوروں اور ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کو یکسر غیر قانونی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ رہنماں نے الزام عائد کیا کہ یہ مزدور دشمن اقدام چیئرمین میونسپل کمیٹی ہرنائی اور چیف آفیسر کی مبینہ ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔رہنماں نے کہا کہ محکمہ فنانس نے میونسپل کمیٹیوں میں سرکاری فنڈز کے خوردبرد اور لوٹ مار کے درجنوں واقعات کے پیشِ نظر نان ڈویلپمنٹ کے فنڈز بند کر دیے تھے، جس کے بعد اب میونسپل چیئر مین ہرنائی اور چیف آفیسر نے اپنا ذاتی جیب خرچ پورا کرنے کے لیے ہرنائی شہر کی صفائی کا نظام چلانے والے محنتی مزدوروں اور ملازمین کی تنخواہوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ پورا مہینہ ڈیوٹی پر حاضر رہنے والے ملازمین کی عید سے قبل مکمل تنخواہیں کاٹ کر افسران نے اپنی جیبیں بھر لیں، جو کہ انتہائی قابلِ مذمت اور قابلِ گرفت اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہرنائی شہر جو کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، اس کی تمام تر ذمہ داری ان مزدور دشمن حکام پر عائد ہوتی ہے۔ترجمان بلوچستان لیبر فیڈریشن نے مطالبہ کیا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری بلدیات ملازمین کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے ان افسران کے خلاف فوری طور پر اعلی سطح کی تحقیقات کے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ملازمین کو ان کا پورا حق فراہم نہ کیا گیا، تو بلوچستان لیبر فیڈریشن اس غیر قانونی اقدام کے خلاف صوبائی سطح پر سخت احتجاج کی کال دے گی اور معاملے کو عدالت میں لے کر جائے گی، جس کے بعد پیدا ہونے والی تمام تر صورتحال کی ذمہ داری حکومت اور سیکرٹری بلدیات پر عائد ہوگی۔