مقامی ۲۹ اگست ۲۰۲۶

ہرنائی شاہرگ میں شہریوں پر مسلح حملہ، ایک شخص شہید، ساتھی زخمی؛ چار کمسن بچے اغوا

کوئٹہ (ویب نیوزڈ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ضلع ہرنائی کے شاہرگ علاقے میں خلیفت پہاڑ کے دامن میں شہریوں پر مسلح حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری اور اغوا کیے گئے چار کمسن بچوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے مطابق کلی فیض آباد کے رہائشی اپنے گھروں کے لیے ایندھن اور لکڑیاں لانے کی غرض سے علاقے میں گئے تھے کہ مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں عبدالخالق موقع پر شہید جبکہ اس کا ساتھی عیسیٰ گل شدید زخمی ہوگیا۔ پارٹی کے مطابق مسلح افراد نے اسی دوران چار کمسن بچوں کو بھی اغوا کرلیا، جن کی عمریں تقریباً 13، 15 اور 16 سال بتائی گئی ہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے واقعے کو ایک بڑا انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری اپنی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے نکلتے ہیں، مگر بدامنی کے باعث انہیں دہشت گردی، اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور مسلح حملوں کا خطرہ لاحق رہتا ہے، حالانکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ہنہ اورک، زیارت، سرانان، قلعہ عبداللہ، پشین اور ہرنائی سمیت پشتونخوا وطن کے دیگر علاقوں میں مسلسل خونریز واقعات نے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا کردیا ہے۔ بیان میں سرانان پولیس تھانے پر مسلح حملے اور اس کی تباہی کو بھی امن و امان کی بگڑتی صورتحال کی تشویشناک علامت قرار دیا گیا۔ پارٹی نے مزید کہا کہ مزدور، کسان، طلبہ، پولیس اہلکار اور عام شہری مسلسل بدامنی کا نشانہ بن رہے ہیں، جبکہ سرانان میں ایک تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کو نشانہ بنائے جانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گردی کا دائرہ عام شہریوں اور محنت کشوں تک پھیل چکا ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شاہرگ کے خلیفت پہاڑ کے دامن میں پیش آنے والے واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، عبدالخالق کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، زخمی عیسیٰ گل کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اغوا کیے گئے چاروں کمسن بچوں کو جلد از جلد بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔ پارٹی نے ہنہ اورک، زیارت، سرانان، قلعہ عبداللہ، پشین، ہرنائی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ بیان میں حکومت سے کہا گیا کہ صرف بیانات اور دعووں تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں اور عوام کے جان و مال، کاروبار، آمدورفت اور روزمرہ زندگی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے شہید عبدالخالق کے خاندان سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی اور زخمی عیسیٰ گل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔