تازہ ترین ۹ جولائی ۲۰۲۶

ہاشم نورزئی قتل کیس ٹریس، 5 ملزمان گرفتار، 16 کروڑ روپے کے کاروباری تنازع پر قتل کی منصوبہ بندی ہوئی، ڈی آئی جی کوئٹہ

کوئٹہ ((ویب نیوز) ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ دوست محمد بگٹی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے معروف تاجر محمد ہاشم نورزئی کے قتل کیس کو کامیابی سے ٹریس کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مرکزی ملزم حکمت اللہ نورزئی کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا بھائی سعد اللہ نورزئی تاحال مفرور ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ 16 کروڑ روپے کے کاروباری تنازع پر قتل کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ حکام نے بتایا کہ مرکزی ملزم کی نشاندہی پر کلاشنکوف، ایل ایم جی اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی ریوو گاڑی کی برآمدگی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ پر فرار ہونے کی کوشش کے دوران دو مزید ملزمان کو گرفتار کرکے 14 رائفلیں اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی قبضے میں لی گئیں۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ایس سی آئی ڈبلیو نے پانچ بلائنڈ مرڈر کیسز کامیابی سے ٹریس کیے ہیں، جن میں گوالمنڈی، زرغون آباد اور شالکوٹ کے قتل کے مقدمات شامل ہیں، جبکہ جدید سائنسی تفتیش کی بدولت سنگین جرائم کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔