لاہور (یو این اے) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ میں ججز کی تعیناتی کے لیے پہلی بار انٹرویوز کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو امیدواروں کا جائزہ لے گی۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ججز کی تقرری اور کارکردگی دونوں کو میرٹ سے منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ سالانہ کارکردگی جانچنے کے لیے بھی آئینی نظام متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے ججز کے خلاف ریفرنس بھیجنے کی سفارش بھی کی جا سکے گی۔ اعظم نذیر تارڑ نے وکلا کے علاج، بار ایسوسی ایشنز کے لیے فنڈز اور ووکیشنل کورسز کے لیے مالی معاونت کا بھی اعلان کیا۔
