کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) گیس فراہمی اور گندم کی ترسیل کے معاملے پر وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد وفاق نے صوبے کو یومیہ 35 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وزیراعظم اور حکومتی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ جمعرات سے صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت دلائل کے ساتھ بات کرے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ گورنر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم سے خیبرپختونخوا میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست بھی کی گئی ہے جبکہ گندم کے مسئلے پر بھی پیشرفت ہوئی ہے اور جلد اس کا حل سامنے آئے گا۔مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اس پیشرفت کو عوام کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی ترسیل کے مسئلے کے حل کیلئے بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق ملک میں کسی بھی شے کی ترسیل کو روکا نہیں جا سکتا۔مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اس لیے خیبرپختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ میں اس کا مکمل حصہ ملنا چاہیے۔
