کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے پانوان اور گنز کے درمیان پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد سول اسپتال جیونی منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دو افراد کی شناخت شاہ بخش اور پیری ولد عیسی کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق تحصیل جیونی کے علاقے روبار سے بتایا جاتا ہے، جبکہ تین لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی شناخت کے لیے بائیومیٹرک ریکارڈ، فنگر پرنٹس اور دیگر فرانزک شواہد سے بھی مدد لی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے لاپتا افراد کے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے ایسے خاندانوں سے رابطے کی اپیل کی ہے جن کے عزیز لاپتا ہیں تاکہ شناخت کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد مزید حقائق سامنے آنے پر باضابطہ آگاہ کیا جائے گا۔
