کھڈکوچہ(ویب نیوز) ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں انجیری کراس کے قریب کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ پر واقع پل دھماکے سے مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس کے باعث شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔ حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے پل پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔ واقعے کے بعد دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ہزاروں مسافروں و ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت پل پر کوئی گاڑی موجود نہیں تھی، اس لیے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور متعلقہ اداروں نے نقصان کا تخمینہ لگانے اور بحالی کے کام کی تیاری شروع کر دی ہے۔
