اسلام آباد (ویب نیوز) کویت کے وزیر خارجہجراح جابر الاحمد الصباح دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حسین نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ کویتی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
