کوہلو(ویب نیوز) میونسپل کمیٹی کوہلو کے نومنتخب چیئرمین ایڈووکیٹ علی شیر زرکون کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف آفیسر محب اللہ بلوچ اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔ اجلاس میں صفائی ستھرائی، ملازمین کی حاضری، کارکردگی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پابندی کے ساتھ انجام دیں، جبکہ ڈیوٹی سے غیر حاضری، غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فرائض میں کوتاہی برتنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں سرکاری خزانے میں واپس جمع کرائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام ملازمین عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔
