پاکستان ۱ جولائی ۲۰۲۶

کوٹلی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدواروں کی آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان

کوٹلی (ویب نیوز) آزاد کشمیر کے عام انتخابات سے قبل اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کوٹلی سے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوارانِ اسمبلی نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایل اے-8 سے ملک ذوالفقار علی اور ایل اے-10 سے ملک محمد یوسف نے آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے دوران پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس پر عبدالعلیم خان نے ان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مسائل کا دیرپا حل، بہتر انفراسٹرکچر اور روزگار کے مواقع کی فراہمی پارٹی کی ترجیحات ہیں، جبکہ آئندہ انتخابات میں آئی پی پی بھرپور حصہ لے گی۔ اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت متعدد رہنماؤں نے بھی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جبکہ رکن قومی اسمبلی عون چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔