پاکستان ۴ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ کے باکسر قدرت اللہ کے گلاسگو ایئرپورٹ سے لاپتا ہونے کی اطلاعات، اہل خانہ پریشان

کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان باصلاحیت باکسر قدرت اللہ، جو کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو روانہ ہوئے تھے، کے ایئرپورٹ سے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کی اطلاعات کے بعد اہل خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ خاندان کے مطابق قدرت اللہ سے آخری رابطہ گلاسگو ایئرپورٹ پر ہوا تھا، جس کے بعد ان کا موبائل فون بند ہے اور ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ بھی واضح نہیں کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں یا کسی اور مقام پر منتقل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن اور متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم ابھی تک کوئی واضح جواب نہیں ملا۔ اہل خانہ نے وفاقی حکومت، وزارت بین الصوبائی رابطہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ، پاکستان باکسنگ فیڈریشن، وزارت خارجہ اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ قدرت اللہ کی تلاش کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کی خیریت اور مقام سے متعلق معلومات خاندان کو فراہم کی جائیں۔