تازہ ترین ۱۰ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ: چیمبر اف کامرس نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مکہ مکرمہ معاہدے کا خیرمقدم کر دیا

کوئٹہ (یب نیوز) کوئٹہ چیمبر اف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی، سینئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ اور نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف تینوں اسلامی ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے بھی اہم قدم ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تاریخی، مذہبی، برادرانہ اور تجارتی تعلقات پہلے سے موجود ہیں اور مکہ معاہدہ ان تعلقات کو نئی سمت دے سکتا ہے، جس کے مثبت اثرات دفاعی تعاون کے ساتھ صنعت، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور تجارتی روابط میں بھی سامنے ا سکتے ہیں۔ چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تینوں ممالک کے باہمی تعلقات کو وسیع اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنے سے تاجروں کے لیے نئی منڈیاں، سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی اعتبار سے اہم صوبہ ہے اور گوادر بندرگاہ، معدنی وسائل، توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں میں وسیع معاشی صلاحیت رکھتا ہے، لہٰذا اگر مکہ معاہدے کے نتیجے میں پاکستان اور ان ممالک کے درمیان اقتصادی روابط بڑھتے ہیں تو بلوچستان بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ چیمبر عہدیداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور چیمبرز اف کامرس کے براہِ راست روابط کو فروغ دیا جائے اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی، مشترکہ صنعتی منصوبوں، معدنیات، توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے بڑھتے ہوئے تعلقات مستقبل میں مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوں گے اور پاکستان، بالخصوص بلوچستان، کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔