تازہ ترین ۶ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ میں یومِ دفاع کی ریلی؛ شہر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا

کوئٹہ(ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان اسمبلی کے رکن حاجی ولی محمد نورزئی کی قیادت میں کوئٹہ میں یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے پاکستان کے سبز و سفید پرچم اٹھا رکھے تھے اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے شہر گونج اٹھا۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کی ناقابلِ فراموش قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یومِ دفاع پاکستان کی تاریخ میں بہادری، قربانی اور قومی عزم کی روشن علامت ہے۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام میں اتحاد، نظم و ضبط اور قومی جذبے کو فروغ دینا ضروری ہے، جبکہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع، استحکام اور سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ملک کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔