مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ میں گاہی خان چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ، 30 سالہ نوجوان جاں بحق

کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے گاہی خان چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک شخص کو بیدردی سے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ چھیپا ویلفیئر بلوچستان کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، فائرنگ کے اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی چھیپا کی امدادی ٹیم اور ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ترجمان کے مطابق، فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ علی احمد ولد سلطان، قوم ابابکی کے نام سے ہوئی ہے۔ چھیپا کے رضا کاروں نے مقتول کی لاش کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی و پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب مقامی پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔