کوئٹہ (وېب نیوز) تین روزہ پشتون قومی جرگہ کوئٹہ میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون قوم کے مسائل کا حل اتحاد اور اجتماعی جدوجہد میں ہے، یہ جرگہ کسی ایک جماعت نہیں بلکہ پوری پشتون قوم کے مستقبل کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام اقوام کا مشترکہ ملک ہے، کسی کو آقا اور غلام نہیں ہونا چاہیے، بلوچستان میں طاقت کے استعمال، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا کا خاتمہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بحرانوں کا حل آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ کی آزادی اور ووٹ کے احترام میں ہے، جبکہ انتخابی نتائج میں مداخلت ختم کی جائے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون علاقوں کے قدرتی وسائل پر پہلا حق مقامی عوام کا ہے اور ان کی مرضی کے بغیر وسائل کے معاہدے قبول نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی احترام، عدم مداخلت اور قانونی تجارت کے فروغ پر بھی زور دیا۔
