کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے اتوار کے روز نیکٹا کے قومی کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، انٹیلی جنس رابطہ کاری اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں نیکٹا اور بلوچستان حکومت کے درمیان تعاون، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں میجر جنرل فیصل نصیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے اپنی نیک خواہشات اور احترام کا اظہار کیا۔
