مقامی ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

کوئٹہ میں نجی ہاؤسنگ اسکیم میں فائرنگ، حاملہ خاتون جاں بحق، 10 سالہ بیٹا زخمی، شوہر حراست میں

کوئٹہ (ویب نیوز): کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر واقع ایک نجی ہاؤسنگ اسکیم میں فائرنگ کے واقعے میں حاملہ خاتون وردہ داؤد جاں بحق جبکہ ان کا 10 سالہ بیٹا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی بچے کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد مقتولہ کے شوہر فرحان مگسی کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش کے لیے مقدمہ سیریس کرائمز یونٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او ایئرپورٹ تھانہ کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور واقعے کے تمام ممکنہ محرکات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مقتولہ کی بہن نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے اور فوری انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق وردہ داؤد کی دوسری شادی فرحان مگسی سے ہوئی تھی، جبکہ پولیس دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔