کوئٹہ(ویب نیوز)مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کوئٹہ شہر میں شٹر ڈان ہڑتال سے متعلق اپنے نام سے منسوب سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کرنے والے بیان کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے ان خبروں کو سراسر غلط، بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔اپنے ایک اہم وضاحتی بیان میں ترجمان کاشف حیدری نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ شٹر ڈان ہڑتال کے حوالے سے انہوں نے کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو فیصلے یا اعلان کا کوئی اختیار دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام، تاجر برادری، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نیوز ایڈیٹرز اور سوشل میڈیا صارفین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ صرف تنظیم کے باضابطہ اور تصدیق شدہ بیانات پر ہی انحصار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے نام سے جھوٹے بیانات پھیلانے کا مقصد تاجر برادری اور عوام میں غلط فہمیاں اور انتشار پیدا کرنا ہے، لہذا تمام متعلقہ حلقے ایسی کسی بھی خبر کی اشاعت یا نشریات سے قبل تنظیم یا ترجمان سے اس کی تصدیق لازمی کریں۔
