کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کوئٹہ اور گردونواح میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ ہزار گنجی، مشرقی و مغربی بائی پاس، تختانی بائی پاس، سریاب اور دیگر علاقوں میں شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ ہزار گنجی سے اختر آباد تک پولیس ناکوں پر مزدوروں سے مبینہ طور پر رشوت وصول کیے جانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ جرائم کی روک تھام، مبینہ رشوت خوری کی تحقیقات، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی، پولیس گشت میں اضافہ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
