کوئٹہ)صداقت ویب نیوز(نواں کلی کے علاقے میں واقع ایک نجی میڈیکل اسٹور پر بچوں کو اینٹی الرجی انجکشن لگانے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسٹور کو سیل کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرگ کنٹرولر ٹیم کو کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ٹیم نے چھاپہ مار کر میڈیکل اسٹور کو سیل کر دیا جبکہ وہاں موجود آلات اور متعلقہ سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق اسٹور مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور غیرقانونی طبی سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
