مقامی ۲۱ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ، پولیس کی ناکامی پر شدید مذمت

کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ نے شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں، چوری، ڈکیتی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں پولیس کی مبینہ ناکامی پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سول لائن تھانے کی حدود سرکلر روڈ پر گوگو پیزا پیٹرول پمپ کے قریب ایک شہری ایان خان سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل، دو موبائل فونز اور نقدی چھین لی گئی، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔پارٹی کے مطابق پولیس نے پہلے ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کی اور بعد ازاں مقدمہ درج ہونے کے باوجود کوئی عملی کارروائی نہیں کی، حالانکہ ملزمان کی شناخت اور ان کے ٹھکانوں کی نشاندہی بھی ہو چکی ہے۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ تفتیشی عملے کی سستی اور عدم کارروائی ملزمان کو فرار کا موقع فراہم کر رہی ہے، جو مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کھلے عام سرگرم ہیں جبکہ پولیس مؤثر کارروائی میں ناکام دکھائی دیتی ہے، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ پارٹی نے آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام تھانوں خصوصاً حساس علاقوں کے ایس ایچ اوز اور عملے کی فوری انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر عوامی احتجاج کیا جائے گا۔