کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
کوئٹہ: 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے اتحاد بین المسلمین و انٹرفیتھ ہارمونی کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عمران شوکت، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، ایس ایس پی آپریشنز ضیاء الحق مندوخیل، ایس ایس پی ٹریفک محمد بلوچ، علماء کرام، تاجر برادری اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران 12 ربیع الاول کے موقع پر منعقد ہونے والے مذہبی اجتماعات، جلوسوں اور دیگر تقریبات کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن و امان کے فروغ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے لیے موثر اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں، علماء کرام، تاجران اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں کے ساتھ مکمل تعاون اور موثر رابطہ کاری کو یقینی بنائے گی۔
ایس ایس پی آپریشنز ضیاء الحق مندوخیل اور ایس ایس پی ٹریفک محمد بلوچ نے شرکاء کو سیکیورٹی اور ٹریفک پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 12 ربیع الاول کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔
علماء کرام، تاجر برادری اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں نے امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر باہمی اتحاد، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور امن و محبت کی فضا کو فروغ دیا جائے گا اور کوئٹہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
