مقامی ۵ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں کو ایک اور جھٹکا، 20 کلو تھیلا 2 ہزار 920 روپے تک پہنچ گیا

کوئٹہ (وېب نیوز)کوئٹہ میں مہنگائی کے ستائے شہریوں پر آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا۔ شہر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 70 روپے کے مزید اضافے کے بعد 2 ہزار 850 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار 920 روپے تک جاپہنچی ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور گندم کے نرخ بڑھنے کے ساتھ آٹا مزید مہنگا ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گندم کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ گندم کی قلت اور بڑھتی قیمتوں کے باعث آنے والے دنوں میں آٹے کے نرخ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔آٹے کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے کم آمدنی والے طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی غذائی ضرورت بھی اب ان کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے اور حکومت کی جانب سے قیمتوں کو قابو کرنے کے لیے مثر اقدامات نظر نہیں آرہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمت میں حالیہ اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، گندم کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور مصنوعی مہنگائی و ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کرکے آٹے کی قیمتیں کم کی جائیں، بصورت دیگر مہنگائی کا یہ سلسلہ عوام کے لیے مزید ناقابل برداشت ہوجائے گا۔