کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ سے اندرون بلوچستان کے مختلف اضلاع کو جانے والی ٹرانسپورٹ میں مبینہ طور پر مسافروں سے ڈبل اور زائد کرائے وصول کیے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات اور اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف روٹس پر ٹرانسپورٹرز اپنی مرضی کے کرائے وصول کررہے ہیں اور مسافروں سے مقررہ و جائز کرائے کے بجائے کئی گنا زیادہ رقم طلب کی جارہی ہے، جس کے باعث بالخصوص غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کوئٹہ، بالخصوص ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے مطالبہ کیا ہے کہ زائد کرایوں کی وصولی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بس اڈوں و ٹرانسپورٹ دفاتر کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر ان کے دفاتر سیل کیے جائیں، جبکہ اندرون بلوچستان کے تمام روٹس پر مقررہ کرایوں کی واضح فہرست آویزاں کرنے اور مسافروں سے صرف سرکاری طور پر مقرر کردہ جائز کرایہ وصول کرنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹرز کی من مانی اور اضافی کرایوں سے نجات مل سکے۔
