مقامی ۲۳ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ سمیت جنوبی پشتونخوا میں چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی بھرمار، عوام کا جینا اجیرن ہو گیا، سید شراف آغا

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری نے کہا ہے کہ جنوبی پشتونخوا بالخصوص کوئٹہ شہر میں چوری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز اور راہزنی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہری گھروں، بازاروں اور شاہراہوں پر خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام قانون کو چیلنج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں جرائم کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے مگر مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ سید شراف آغا نے پولیس کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ شہریوں کی شکایات درج کرنے میں تاخیر، ٹال مٹول اور ایف آئی آر کے اندراج میں رکاوٹیں عام ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کے بجائے انہیں کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، ایف آئی آر کے فوری اندراج کو یقینی بنایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس گشت اور انٹیلی جنس نظام کو مؤثر بنایا جائے۔