تازہ ترین ۱۰ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل اور ڈیٹا سروسز معطل

کوئٹہ (ویب نیوز) ــ سیکیورٹی خدشات کے باعث بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ متعدد علاقوں میں موبائل فون، موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایف سی اور پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی اور چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے مختلف مقامات پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اوستہ محمد میں پورے ضلع کی سطح پر موبائل سروسز بند ہیں، ہرنائی شہر اور دیہی علاقوں میں یوفون کے موبائل سگنلز دستیاب نہیں جبکہ ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز بھی گزشتہ تقریباً تین ہفتوں سے متاثر ہیں۔ کوہلو میں بھی پورے ضلع میں موبائل سگنلز معطل ہونے کے باعث شہریوں کے روزمرہ رابطوں، کاروباری سرگرمیوں اور دیگر ضروری امور متاثر ہو رہے ہیں۔ لورالائی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی موبائل سگنلز اور ڈیٹا سروسز کی بندش کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ مستونگ، قلات، سوراب، خضدار، تربت، پنجگور، نوشکی اور گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی موبائل ڈیٹا سروسز متاثر یا معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سروسز کی بندش کے باعث شہریوں کو انٹرنیٹ، آن لائن خدمات اور باہمی رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز مختلف علاقوں میں گشت، ناکہ بندی اور گاڑیوں و افراد کی چیکنگ کر رہی ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے عوام کو معلومات فراہم کی جائیں اور حالات معمول پر آتے ہی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز جلد از جلد بحال کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ جاری ہے اور حساس علاقوں و اہم شاہراہوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے، تاہم موبائل اور ڈیٹا سروسز کی بندش کی وجوہات اور بحالی کے حوالے سے تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔