مقامی ۲۷ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ جرگہ پشتونوں کے معاشی و سماجی حقوق کے تحفظ کیلئے سنگِ میل ہوگا: پشتونخوامیپ

کوئٹہ ( ویب نیوز ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی ایگزیکٹیوز نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کی دعوت پر نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کا تین روزہ جرگہ 30، 31 اگست اور یکم ستمبر 2026 کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا، جو پشتونوں کے معاشی و سماجی حقوق کے تحفظ اور موجودہ حالات سے نجات کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل اور سنگِ میل ثابت ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ جرگہ پشتون معاشرتی اور قبائلی زندگی کی قدیم روایت ہے، جس میں اجتماعی دانش و باہمی مشاورت کے ذریعے امن، انصاف، ترقی اور خوشحالی کے لیے فیصلے کیے جاتے ہیں۔ پارٹی کے مطابق جرگے میں پشتون قوم کے مختلف قبائل، مکتبہ فکر اور جنوبی پشتونخوا کے تمام ڈویژنز و اضلاع کے نمائندگان اپنی تجاویز پیش کریں گے اور متفقہ اعلامیے کے ذریعے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتون علاقوں کا ایک بڑا مسئلہ معاشی مواقع اور روزگار کی کمی جبکہ تجارت، بارڈر سے وابستہ کاروبار، ٹرانسپورٹ، زراعت اور چھوٹے کاروبار پر بڑھتی ہوئی پابندیاں ہزاروں خاندانوں کے معاشی مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں، دوسری جانب بدامنی اور جاری قتل و غارت کے باعث عوام کے جان و مال کا تحفظ بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، ایسے حالات میں جرگے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔