مقامی ۱۸ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ تفتان شاہراہ کا مرکزی پل دھماکے سے تباہ، ٹریفک معطل

مستونگ(ویب نیوز) گزشتہ شب مستونگ کے علاقے کردگاپ میں نامعلوم مسلح افراد نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے کوئٹہ تفتان شاہراہ پر واقع مرکزی پل کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ واقعے کے بعد کوئٹہ اور تفتان کے درمیان آمدورفت متاثر ہونے سے مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں گاڑیاں شاہراہ پر پھنس گئیں۔ اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور پل کی بحالی اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔