تازہ ترین ۸ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ ترقیاتی پیکیج میں 12 منصوبے مکمل، 7 جاری اور 5 نئے منصوبے تجویز

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی ترقی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکیج کے تحت 12 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، 7 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 5 نئے منصوبے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں پر کام مزید تیز کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ نئے تجویز کردہ منصوبوں پر کام بھی جلد شروع کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ صوبے کا چہرہ ہے اور شہر کی ترقی و خوبصورتی پورے بلوچستان کی شناخت سے وابستہ ہے، حکومت کوئٹہ کو ایک بہتر، خوبصورت اور جدید صوبائی دارالحکومت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی سابقہ خوبصورتی اور تاریخی شناخت کو بحال کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ شہر میں بنیادی سہولیات کی بہتری، انفراسٹرکچر کی ترقی اور خوبصورتی و تزئین کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت یقینی بنانے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کوئٹہ کو ایسا خوبصورت اور منظم شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے جہاں شہریوں کو بہترین بنیادی سہولیات میسر ہوں اور صوبائی دارالحکومت اپنی تاریخی و ثقافتی شناخت کے ساتھ ایک جدید شہر کے طور پر بھی نمایاں ہو۔