کوئٹہ((صداقت انٹرنیشل نیوز ))کوئٹہ میں واقع یو بینک کی ناقص کارکردگی اور غیر ذمہ دارانہ رویے نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جہاں اپنی ہی رقم نکلوانے کے لیے آنے والے صارفین کئی روز سے مسلسل ذلیل و خوار ہونے لگے۔ متاثرہ شہریوں کے مطابق جب وہ مختلف کسٹمر سروس پوائنٹس پر رقم نکلوانے یا اپنے اکانٹس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے رجوع کرتے ہیں تو انہیں بتایا جاتا ہے کہ پہلے بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہے۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو جناح روڈ پر قائم یو بینک برانچ بھیجا جاتا ہے، تاہم وہاں پہنچنے پر عملہ گزشتہ چار سے پانچ روز سے مختلف حیلے بہانوں سے شہریوں کو واپس لوٹا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اکثر انہیں بتایا جاتا ہے کہ بجلی موجود نہیں، جس کے باعث بائیو میٹرک نہیں ہو سکتا، جبکہ جب بجلی موجود بھی ہو تو عملے کا رویہ انتہائی غیر مناسب ہوتا ہے اور صارفین کے ساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے۔ متاثرین کے مطابق بینک عملہ مسئلہ حل کرنے کے بجائے انہیں ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کا کہتا ہے، جبکہ ہیلپ لائن دوبارہ صارفین کو یو بینک برانچ جانے کی ہدایت دیتی ہے، جس کے باعث شہری ایک نہ ختم ہونے والے چکر میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت سینکڑوں کیسز صرف بائیو میٹرک تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے زیر التوا پڑے ہیں، جبکہ عوام اپنی ہی رقوم کے حصول کے لیے روزانہ دربدر ہونے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے یو بینک کی اعلی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صارفین کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے اور عملے کے رویے کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
