مقامی ۱۳ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی، 11 عمارتیں سیل، 7 افراد گرفتار

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی ہدایات پر کوئٹہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی ٹیم نے نیو سبزل روڈ (سی پیک روڈ) اور اے ون سٹی میں کارروائی کرتے ہوئے بغیر منظوری، این او سی یا بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 11 عمارتوں، پلازوں اور دکانوں کو سیل جبکہ 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ بعض غیر قانونی تعمیر شدہ حصے موقع پر مسمار بھی کیے گئے۔ حکام کے مطابق نیو سبزل روڈ کو نو کنسٹرکشن زون قرار دیا جاچکا ہے، اس لیے وہاں نئی تعمیرات کی اجازت نہیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہریوں اور بلڈرز کو ہدایت کی ہے کہ تعمیر شروع کرنے سے قبل نقشے کی منظوری، این او سی اور دیگر قانونی تقاضے مکمل کریں، جبکہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔