مقامی ۳ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ، سنڈیمن سول ہسپتال کے ڈینٹل وارڈ میں 3 بیڈز پر مشتمل جدید آئی سی یو کے قیام کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل آرگنائزیشن سنڈیمن پرونشل ہسپتال یونٹ نے سنڈیمن سول ہسپتال کے اورل اینڈ میگزیلوفیشل سرجری وارڈ (ڈینٹل وارڈ) میں کم از کم 3 بیڈز پر مشتمل جدید آئی سی یو قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری مرمتی کام کو صرف ٹائلز، رنگ و روغن اور تزئین و آرائش تک محدود رکھنے کے بجائے مریضوں کی حقیقی طبی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے۔ تنظیم کے مطابق ڈینٹل وارڈ میں چہرے، جبڑوں اور منہ کی پیچیدہ چوٹوں، شدید انفیکشنز، منہ کے کینسر اور دیگر پیچیدہ آپریشنز کیے جاتے ہیں، جن کے بعد کئی مریضوں کو مسلسل نگرانی، وینٹیلیٹری سپورٹ اور فوری طبی مداخلت کے لیے آئی سی یو سہولت درکار ہوتی ہے، تاہم وارڈ میں آئی سی یو موجود نہ ہونے کے باعث شدید مریضوں کو دیگر شعبوں میں منتقل کرنا پڑتا ہے جس سے علاج کے تسلسل اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل آرگنائزیشن نے حکومت بلوچستان، محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جاری ترقیاتی کام میں 3 بیڈز پر مشتمل آئی سی یو کا قیام بھی شامل کیا جائے تاکہ پیچیدہ آپریشنز کے بعد مریضوں کو محفوظ اور معیاری طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔