کوئٹہ (ویب نیوز) کرپشن کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ کینٹ کے سٹی اسکول میں ’’نیب کے فرائض اور کرپشن کی روک تھام میں طلبہ کا کردار‘‘ کے عنوان سے آگاہی نشست، تقریری مقابلہ اور آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سٹی اسکول کی پرنسپل حنا نے نیب بلوچستان کے ڈائریکٹر محمد سلیم احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر فرحان یوسف خان اور ان کی ٹیم کا استقبال کیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو کرپشن کے منفی اثرات سے آگاہ کرنا اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ تقریری مقابلے میں مختلف جماعتوں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور کرپشن کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کیا، جنہیں نیب ڈائریکٹر نے سراہتے ہوئے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فرحان یوسف خان نے شرکاء کو نیب کے طریقہ کار، وژن، مشن اور سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا، جبکہ ڈائریکٹر محمد سلیم احمد نے کرپشن کے خاتمے میں نوجوانوں کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے خود احتسابی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں کرپشن اور بددیانتی کی کوئی گنجائش نہیں اور اقربا پروری، رشوت، سفارش، اختیارات کا ناجائز استعمال اور جانبداری کرپشن کی مختلف شکلیں ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کریں اور معاشرے میں دیانت داری اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیں۔ پروگرام کے اختتام پر آگاہی ریلی نکالی گئی جبکہ نیب بلوچستان کے ڈائریکٹر نے سٹی اسکول کی پرنسپل کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
