مظفرآباد (ویب نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری اطلاعات راشد حنیف نے دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر کی شامل ہے۔ مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ریاست کی بنیادی ذمہ داری امن و امان کا قیام ہے اور حکومت ہر صورت امن برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے پاس اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ اس تحریک میں مسلح اور دہشت گرد عناصر شامل ہیں، اس لیے عوام گمراہ کن اطلاعات سے بچیں اور انتظامیہ و ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ راشد حنیف کا کہنا تھا کہ بعض عناصر انسانی آبادی کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان عناصر کے پاس جدید اور خودکار اسلحہ موجود ہے، جبکہ ان کی فائرنگ سے پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
