دنیا ۹ جون ۲۰۲۶

کاغذی جنگ بندی اور زمینی خلاف ورزیوں نے تضادات بے نقاب کر دیے، باقر قالیباف

تہران(ویب نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ کاغذ پر موجود جنگ بندی اور میدانِ عمل میں اس کی مسلسل خلاف ورزیوں نے موجودہ صورتحال کے تضادات کو واضح کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک اعتماد سازی کے لیے حقیقی اور سنجیدہ نیت کا مظاہرہ نہیں کیا جاتا، ایران کا ردعمل اسی انداز میں جاری رہے گا۔ باقر قالیباف کے مطابق جنگ بندی سے متعلق معاہدوں اور عملی صورتحال کے درمیان واضح فرق خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے اور عدم اعتماد کو مزید گہرا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحری ناکہ بندی کو بھی دشمن کی ایک اور ناکامی میں تبدیل کر دیا جائے گا، جبکہ مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات طے شدہ نکات کے برعکس تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نہ حقیقی جنگ بندی چاہتا ہے اور نہ ہی سنجیدہ مذاکرات کا خواہاں ہے، جبکہ ایران کا مقصد جنگ کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کا قیام ہے، تاہم مخالف فریق پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔