اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیشنل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق پالیسی کا مقصد نوجوان آبادی کو بااختیار بنانے کے لیے مربوط قومی فریم ورک تشکیل دینا ہے، جس کے چار بنیادی ستون تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات ہوں گے، جبکہ حکومتی سطح پر نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پالیسی کی تیاری کے لیے ملک بھر میں 32 ہزار 145 سروے کیے گئے اور 2 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی آراء حاصل کی گئیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ ارکان کی تجاویز کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات، اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے مختلف اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔
