کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر میں مسافر بس بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت40 افراد جاں بحق جبکہ8 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ڈپٹی کمشنر ژوب، کمانڈنٹ ایف سی، ریسکیو ٹیمیں اور دیگر متعلقہ ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ژوب اور کوئٹہ منتقل کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستانمیر سرفراز بگٹی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان حکومت بلوچستانشاہد رند کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں معلوم ہوا ہے کہ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، جن میں ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافر بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کی شناخت، زخمیوں کے علاج اور حادثے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ صدر مملکتآصف علی زرداری نے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
