جدہ(یو این اے) ڈائریکٹر جنرل حج عبدالووہاب سومرو نے جدہ حج ٹرمینل پر قائم پاکستان حج مشن فیسیلٹیشن سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور 24 گھنٹے بلا تعطل خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سینٹر انچارج حیدر علی نے انہیں پاکستانی حجاج کے لیے ٹرانسپورٹ، امیگریشن معاونت، رہنمائی مراکز اور طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی حج نے مختلف کاؤنٹرز اور میڈیکل ڈسپنسری کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان عازمین حج کی خدمت کو اولین ترجیح سمجھتی ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال تقریباً 90 ہزار حجاج روٹ ٹو مکہ پروگرام کے تحت جبکہ مزید 30 ہزار دیگر پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں اور مستقبل میں تمام عازمین کو روٹ ٹو مکہ سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
