راولپنڈی (ویب نیوز): ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ رواں سال دہشت گردی کے خلاف 40 ہزار 348 انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے گئے جن میں 2 ہزار 84 مصدقہ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 819 سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں، انہیں آئین و قانون کے مطابق ہتھیار ڈالنا ہوں گے یا سیکیورٹی فورسز انہیں انجام تک پہنچائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں، بعض عناصر بلوچستان کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں جبکہ ریاست عوام کی ترقی، امن اور آئین کی بالادستی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کے ساتھ فرائض بھی لازم ہیں اور ہر شہری کی پہلی اور آخری شناخت پاکستانی ہونا چاہیے۔
