
چمن( سید سردار محمد خوندئی )
ضلع چمن پولیس تھانہ سٹی چمن میں ڈی ایس پی سرکل چمن طاہر محمود کے تبادلے اور نئے تعینات ہونے والے ڈی ایس پی سرکل چمن اشفاق احمد کے اعزاز میں ایک پُروقار ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔
اس تقریب میں سرکل چمن کے تمام ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران، پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد *سابق ڈی ایس پی سرکل چمن طاہر محمود کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور نئے تعینات ہونے والے ڈی ایس پی سرکل چمن اشفاق احمد کو خوش آمدید کہنا تھا۔
شرکاء نے طاہر محمود کی دورانِ تعیناتی پیشہ ورانہ خدمات، نظم و ضبط کے فروغ، جرائم کے انسداد اور پولیس فورس کی بہتری کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نئے ڈی ایس پی سرکل چمن اشفاق احمد کو مبارکباد پیش کی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ان کی قیادت میں پولیس فورس مزید بہتر انداز میں عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے گی۔
ڈی ایس پی سرکل چمن اشفاق احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے قانون کی بالادستی، عوامی خدمت اور پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے نئے اور سابق ڈی ایس پیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
