تازہ ترین ۲۱ جولائی ۲۰۲۶

ڈی آئی جی ژوب رینج سہیل خالد کا ضلع چمن کا دورہ، امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

چمن( سید سردار محمد خوندئی )
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ژوب رینج سہیل خالد نے ضلع چمن کا دورہ کیا۔ ایس پی آفس چمن پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد سُپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع چمن اعتزاز عارف نے ضلع کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان اور پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاں ڈسٹرکٹ آفیسر سی ٹی ڈی نے انسدادِ دہشت گردی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مشتبہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چمن، ڈی ایس پی / ایس ڈی پی او سرکل چمن، ڈی ایس پی لیگل، ڈسٹرکٹ آفیسر سی ٹی ڈی، انچارج سپیشل برانچ، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

بریفنگ کے بعد جناب ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ژوب رینج نے امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔

بعد ازاں انہوں نے پولیس تھانہ سٹی چمن اور پولیس تھانہ ژڑہ بند کا دورہ کیا، جہاں مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے پولیس آفیسران و اہلکاروں کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیں۔