کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل سروس ڈلیوری سے سرکاری خدمات میں شفافیت، تیزی اور جوابدہی لائی جا سکتی ہے، جبکہ شہریوں کو دفتری پیچیدگیوں سے نجات مل سکتی ہے۔ بلوچستان سول سروسز اکیڈمی میں ڈیجیٹل سروس ڈلیوری سے متعلق افتتاحی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل حکمرانی محض ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں بلکہ سرکاری نظام میں اصلاحات اور عوامی ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کا طریقہ ہے۔ انہوں نے افسران کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انتظامی مہارتوں میں استعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سہولیات کی منصوبہ بندی میں خواتین، خصوصاً دور دراز علاقوں کی خواتین کی ضروریات کو بھی اہمیت دی جائے۔ واضح رہے کہ اکیڈمی نے اکانٹیبلٹی لیب پاکستان کے اشتراک سے 30 سرکاری افسران کے لیے ڈیجیٹل حکمرانی پر تین روزہ تربیتی کورس شروع کیا ہے۔
